اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)سپریم کورٹ آج فوجی عدالتوں میں شہریوں کے ٹرائل کے خلاف درخواستوں کی سماعت کرے گی۔
سپریم کورٹ نے گزشتہ سماعت پر وزیر اعظم شہباز شریف، وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وزیر دفاع خواجہ آصف، اٹارنی جنرل اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو نوٹس جاری کر دیئے۔
سپریم کورٹ میں آج ہونے والی سماعت میں وزیر اعظم شہباز شریف کی جانب سے فروغ نسیم لارجر بنچ کے روبرو پیش ہوں گے، وزیر دفاع خواجہ آصف کی جانب سے عرفان قادر جب کہ وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ کی جانب سے شاہ خاور پیش ہوں گے۔
یاد رہے کہ سابق چیف جسٹس جواد ایس خواجہ، سینئر ایڈووکیٹ اعتزاز احسن، کرامت علی اور چیئرمین تحریک انصاف نے درخواستیں دائر کی ہیں، درخواست گزاروں نے استدعا کی ہے کہ فوجی عدالتوں میں شہریوں کے ٹرائل کو غیر آئینی قرار دیا جائے۔
جمعہ کو عدالت نے درخواستوں پر سماعت آج تک ملتوی کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ پیر کو سلمان اکرم راجہ کے دلائل سے سماعت شروع کریں گے منگل تک اس کیس کا نتیجہ نکالنے کی کوشش کریں گے۔