اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) بھارتی عدالت کا حیران کن فیصلہ ، رکشہ ڈرائیور کو مسجد میں دو پودے لگانے ، 5 وقت نماز پڑھنے کا حکم
بھارتی عدالت نے معمول کے مقدمے کو منفرد انداز میں نمٹا کر سب کو حیران کردیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق 2010 میں ایک رکشے نے موٹر سائیکل کو ٹکر مار دی تھی جس کے نتیجے میں سوار گر کر زخمی ہو گیا تھا۔ رکشہ ڈرائیور اپنی غلطی تسلیم کرنے کے بجائے لڑتا رہا۔30 سالہ رکشہ ڈرائیور محمد رؤف کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا اور عدالت میں اس کی پیشی کا سلسلہ جاری رہا۔
ملزم کو چند ماہ تک جیل بھی ہو سکتی تھی لیکن اتنے سالوں سے یہ کیس فیصلے کا انتظار کر رہا تھا لیکن اب مجسٹریٹ کی عدالت میں نے اس کیس کا فیصلہ سنا دیا ہے۔مجسٹریٹ عدالت کے جج تیجونت سنگھ سندھو نے اپنے خصوصی اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے ملزم رؤف کو جائے حادثہ پر بنی مسجد میں دو درخت لگانے اور 21 دن تک دن میں پانچ وقت نماز پڑھنے کا حکم دیا۔
عدالت نے ملزم کو مسجد کے احاطے میں پانی پلانے اور دیگر پودوں اور درختوں کی دیکھ بھال کا بھی حکم دیا۔ملزم رؤف نے عدالت کو بتایا تھا کہ مسلمان ہونے کے باوجود وہ پانچ وقت کی نماز نہیں پڑھتا، شاید اسی لیے وہ اس دن ناراض تھا اور اس میں جھگڑا ہوا تھا۔