اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)معروف اداکارہ اور میزبان مشی خان نے سوشل میڈیا پر کچھ صارفین کے ردعمل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں "گندی سوچ” کا حامل قرار دیا۔گزشتہ روز مشی خان نے ایک ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہوں نے سابق وزیراعظم عمران خان کی صحت سے متعلق شائع ہونے والی خبروں پر سرکاری وضاحت جاری کرنے کی درخواست کی۔ تاہم، اس ویڈیو کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے انہیں بھارتی اور افغان میڈیا کی افواہوں کو بڑھاوا دینے پر تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
جوابی بیان میں مشی خان نے کہا کہ عمران خان کی صحت کے بارے میں ویڈیو بنانے پر میرے خلاف نازیبا زبان استعمال کی گئی، اور سوشل میڈیا پر صارفین کو انسانیت کے اصولوں کا مظاہرہ کرنا چاہیے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معتبر اکاؤنٹس سے میرے بارے میں کیے گئے نازیبا تبصرے انتہائی افسوسناک ہیں۔
مشی خان نے وضاحت کی کہ کل جب میں نے سوشل میڈیا دیکھا تو خبریں گردش کر رہی تھیں کہ عمران خان دنیا میں نہیں رہے۔ مجھے اس جھوٹے پروپیگینڈے کا علم نہیں تھا، اور جذبات میں آ کر میں نے ویڈیو پوسٹ کر دی۔
انہوں نے کہا کہ اس کے بعد میرے خلاف توہین آمیز تبصرے کیے گئے اور کہا گیا کہ میں اوور ایکٹنگ کر رہی ہوں۔ مشی خان نے صارفین پر زور دیا کہ لکھنے سے پہلے سوچیں، کیونکہ کسی کے جذبات حقیقی بھی ہو سکتے ہیں، اور میں نے اس ویڈیو میں کسی قسم کی اداکاری نہیں کی تھی۔