اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)پاک فوج نے معرکہ حق کے دوران شہداء اور زخمیوں کی تفصیلات جاری کی ہیں،پاک فوج کی انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق معرکہ حق کے دوران وطن کی حفاظت کرتے ہوئے 11 فوجی شہید ہوئے ۔
شہریوں کے خلاف جارحیت کا جواب دیتے ہوئے 78 اہلکار زخمی ہوئے،پاک فوج کے ترجمان کے مطابق مادر وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کرنے والوں میں فوج کے 6 اہلکار اور فضائیہ کے 5 اہلکار شامل ہیں۔
شہداء میں نائیک عبدالرحمن، لانس نا ئیک دلاور خان، لانس نا ئیک اکرام اللہ اور نائیک وقار خالد شامل ہیں جبکہ سپاہی عدیل اکبر اور نثار نے بھی مادر وطن کے لیے اپنی جانیں قربان کیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق پاکستان ایئر فورس کے سکواڈرن لیڈر عثمان یوسف اور چیف ٹیکنیشن اورنگزیب بھی حق کی لڑائی کے دوران شہید ہوئے۔
سینئر ٹیکنیشن نجیب سلطان، سینئر ٹیکنیشن مبشر اور کارپورل ٹیکنیشن فاروق بھی شہداء میں شامل تھے۔ پاک فوج کے ترجمان کے مطابق بھارتی فوج نے 6 مئی کو بلا اشتعال حملے کیے اور بھارتی حملوں میں 7 خواتین اور 15 بچوں سمیت 40 شہری شہید ہوئے۔
بھارتی حملوں میں 27 بچوں اور 10 خواتین سمیت 121 افراد زخمی ہوئے،آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ شہید قوم کا فخر ہیں، شہداء کی قربانی ہمت، جذبے اور حب الوطنی کی شاندار علامت ہے، ان کی عظیم قربانی کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا، ہم زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہیں۔ قوم جارحیت کے باوجود پرعزم ہے، اس میں کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے۔.پاکستانی فوج کے ترجمان نے مزید کہا کہ پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا اور مستقبل میں کسی بھی جارحیت کا فیصلہ کن جواب دیا جائے گا۔