اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)برطانوی وزیراعظم کیئر اسٹارمر دنیا بھر سے باصلاحیت افراد کو برطانیہ لانے کے لیے ویزا فیسوں میں کمی یا مکمل خاتمے پر غور کر رہے ہیں۔
فنانشل ٹائمز کے مطابق، اسٹارمر کی سربراہی میں قائم گلوبل ٹیلنٹ ٹاسک فورس ایسے اقدامات ترتیب دے رہی ہے جن کے ذریعے بہترین سائنسدانوں، محققین اور ڈیجیٹل ماہرین کو برطانیہ میں مواقع فراہم کیے جا سکیں تاکہ ملکی معیشت کو مضبوط کیا جا سکے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ اس منصوبے کے تحت ایسے امیدواروں کے لیے ویزا فیس مکمل طور پر ختم کرنے کی تجویز زیر غور ہے جنہوں نے دنیا کی پانچ بڑی یونیورسٹیوں سے ڈگری حاصل کی ہو یا کوئی نمایاں بین الاقوامی اعزاز اپنے نام کیا ہو۔
یہ پیش رفت ایسے وقت میں ہوئی ہے جب امریکہ نے نئی H-1B ویزا درخواستوں کے لیے ایک لاکھ ڈالر فیس مقرر کرنے کا اعلان کیا ہے، جو امریکی ٹیکنالوجی کمپنیوں میں خاص طور پر استعمال ہوتا ہے۔
برطانوی حکام کے مطابق امریکی پالیسی نے برطانیہ میں اعلیٰ سطح کے ویزا سسٹم کو جدید بنانے کی کوششوں کو مزید تقویت دی ہے، اور 26 نومبر کے بجٹ سے قبل معیشت کو سہارا دینے کے لیے یہ اقدام اہم سمجھا جا رہا ہے۔
فی الحال برطانیہ میں گلوبل ٹیلنٹ ویزا کی فیس 766 پاؤنڈ (تقریباً 3 لاکھ پاکستانی روپے) ہے، اور شریک حیات اور بچوں کے لیے بھی یہی فیس لاگو ہوتی ہے۔ اس حساب سے چار رکنی خاندان کو صرف ویزا فیس کی مد میں لگ بھگ 12 لاکھ روپے ادا کرنے پڑتے ہیں۔