اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے فلسطین کے مسئلے پر دو ریاستی حل سے متعلق اہم قرارداد منظور کرلی ہے۔
قرارداد کے حق میں 142 ووٹ ڈالے گئے جبکہ 10 ممالک نے مخالفت کی۔ دوسری جانب امریکہ اور اسرائیل نے اس قرارداد کے عمل سے بائیکاٹ کیا۔عرب میڈیا کے مطابق سات صفحات پر مشتمل یہ قرارداد دراصل جولائی میں سعودی عرب اور فرانس کی میزبانی میں ہونے والی بین الاقوامی کانفرنس کا نتیجہ ہے۔ اس کانفرنس کے بعد اقوام متحدہ میں پیش کردہ ’’نیو یارک ڈیکلریشن‘‘ کو رائے شماری کے ذریعے منظور کیا گیا۔
اسرائیل نے اس قرارداد کو یکسر مسترد کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ یہ اس کے مفادات اور سیکیورٹی کے تقاضوں کے منافی ہے۔ اسرائیلی حکام کے مطابق ’’دو ریاستی حل‘‘ ایک ناکام تصور ہے جسے اسرائیل کبھی قبول نہیں کرے گا۔
فلسطینی وزارتِ خارجہ نے جنرل اسمبلی میں دو ریاستی حل کی قرارداد کی **بھاری اکثریت سے منظوری کا خیر مقدم** کیا ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’ریاستِ فلسطین سعودی عرب اور فرانس کی شکر گزار ہے جنہوں نے بین الاقوامی کانفرنس کی قیادت کرتے ہوئے نیو یارک ڈیکلریشن کو عملی شکل دینے کے لیے بھرپور کردار ادا کیا‘‘۔
فلسطینی وزارت خارجہ نے مزید کہا کہ اب وقت آگیا ہے کہ عالمی برادری اس قرارداد کو محض کاغذی کارروائی تک محدود نہ رکھے بلکہ **عملی اقدامات اور تمام دستیاب میکنزم** کو فعال کرے تاکہ اسرائیلی نوآبادیاتی قبضے کا خاتمہ کیا جاسکے اور فلسطینی عوام کو ان کے **جائز و قانونی حقوق فراہم کیے جائیں۔