اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)کینیڈا میں کینیڈین فیڈریشن آف انڈیپنڈنٹ بزنس نے خبردار کیا ہے کہ کینیڈا پوسٹ کی ہڑتالوں کے بار بار شروع اور بند ہونے کے غیر یقینی رویے کے باعث چھوٹے کاروبار اپنی ترسیلات کے لیے متبادل ذرائع تلاش کر رہے ہیں۔
سی ایف آئی بی کے مطابق ہڑتال کی دھمکیاں تاخیر اور بار بار کی رکاوٹیں ان کاروباری اداروں کے لیے بڑے نقصان کا باعث بن رہی ہیں جو پوسٹل سروس پر انحصار کرتے ہیں، خاص طور پر چھوٹے شہروں اور دیہی علاقوں میں۔
تنظیم کا کہنا ہے کہ اس غیر یقینی صورت حال نے کاروباری اعتماد کو متاثر کیا ہے، اور کئی تاجروں نے اہم دستاویزات، چیکس، اور مصنوعات کی ترسیل کے لیے نجی کورئیر سروسز کا استعمال شروع کر دیا ہے، حالانکہ ان کا خرچ زیادہ ہے۔
سی ایف آئی بی کے ایک نمائندے نے کہا:”کاروبار یہ نہیں سہہ سکتے کہ کب ڈاک آئے گی اور کب نہیں۔ ہڑتالوں کی یہ آنکھ مچولی نہ صرف ان کی فروخت متاثر کرتی ہے بلکہ کسٹمرز کے اعتماد کو بھی ٹھیس پہنچاتی ہے۔
ادارے نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کینیڈا پوسٹ میں مستقل اور قابلِ اعتماد سروس کی بحالی کے لیے اقدامات کرے، تاکہ کاروباروں کو بار بار کے خلل سے نجات مل سکے۔کینیڈا پوسٹ کی جانب سے تاحال کوئی حتمی بیان سامنے نہیں آیا، تاہم صارفین اور کاروباری حلقوں میں بے چینی بڑھتی جا رہی ہے۔