اردوو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) چین روس کی جنگی مدد سے باز رہے، میونخ میں جاری بین الاقوامی سیکیورٹی کانفرنس کے موقع پر امریکی وزیر خارجہ اور ان کے چینی ہم منصب وانگ ژی کے درمیان ایک گھنٹہ طویل ملاقات ہوئی۔
چین کی جانب سے روس کو امداد فراہمی کی اطلاعات ہیں ،سینئر امریکی عہدیدار نے بتایا کہ ملاقات کے دوران امریکی وزیر خارجہ نے جارحانہ انداز میں چینی ہم منصب کو یوکرین جنگ میں روس کو مادی مدد فراہم کرنے کے نتائج سے آگاہ کیا۔
اس سے قبل امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلینکن نے ایک ٹی وی انٹرویو میں کہا تھا کہ ہمارے پاس اطلاعات ہیں کہ چین روس کو فوجی مدد فراہم کر رہا ہے۔
دوسری جانب چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے یوکرین جنگ پر اپنے ردعمل میں بات چیت کے ذریعے جنگ کے خاتمے پر زور دیا اور یورپی ممالک کو ٹھنڈے دماغ سے سوچنے کا مشورہ دیا۔انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ کچھ قوتیں مذاکرات کو کامیاب ہوتے نہیں دیکھنا چاہتیں یا جنگ کا جلد خاتمہ نہیں چاہتیں۔
واضح رہے کہ امریکی فضائی حدود میں مشتبہ چینی غبارے کو مار گرائے جانے کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔امریکہ کی جانب سے اس غبارے کو چینی جاسوس غبارہ کہا جا رہا تھا، جب کہ غبارے کے معاملے پر امریکی ردعمل کو چین کی جانب سے انتہائی رد عمل قرار دیا گیا تھا۔