اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) سعودی عرب اور امریکہ نے 142 بلین ڈالر کے دفاعی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں جن کے تحت سعودی عرب کو جدید فوجی سازوسامان اور امریکی دفاعی کمپنیوں کی خدمات حاصل ہوں گی۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے دورہ سعودی عرب کے دوران میزبان ملک نے توانائی، دفاع، ٹیکنالوجی، عالمی انفراسٹرکچر اور معدنیات سمیت امریکہ میں 600 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا ہے۔اعلان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اور سعودی عرب نے 142 بلین ڈالر کے دفاعی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں جن کے تحت سعودی عرب کو جدید فوجی سازوسامان اور درجنوں امریکی دفاعی کمپنیوں کی خدمات حاصل ہوں گی۔وائٹ ہاؤس نے مزید کہا کہ معاہدے کے تحت سعودی عرب کو پانچ مختلف شعبوں میں دفاعی برآمدات ہوں گی جن میں فضائیہ کی صلاحیت میں جدت اور خلائی صلاحیت، میزائل دفاع، سمندری اور ساحلی سلامتی، سرحدی سلامتی اور زمینی افواج کی جدت طرازی اور اختراعات شامل ہیں۔ بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اس معاہدے میں سعودی مسلح افواج کے ساتھ ساتھ سعودی سروسز اکیڈمیز اور ملٹری میڈیکل سروسز کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے تربیت اور تعاون شامل ہے۔
وائٹ ہاؤس نے کہا کہ یہ معاہدہ امریکی نظام اور تربیت پر مبنی دفاعی اور علاقائی سلامتی میں سعودی عرب کی اہم سرمایہ کاری کی عکاسی کرتا ہے۔بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکہ اور سعودی عرب کے درمیان دیگر شعبوں میں معاہدے ہو چکے ہیں اور اس کا کل حجم 600 بلین ڈالر سے تجاوز کر جائے گا جس سے یہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی معاہدوں کی تاریخ کا سب سے بڑا پیکج ہے۔