اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاکستان کے ایٹمی دھماکوں کے 25 سال مکمل ہونے پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ دشمن ہمیشہ افواج اور عوام پر حملہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، قوم کا اتحاد ہی پاکستان کی اصل ایٹمی طاقت ہے۔
پاکستان کو عالم اسلام کی پہلی ایٹمی طاقت بنے 25 سال مکمل ہو گئے
وزیر اعظم شہباز شریف نے یوم تکبیر پر اپنا پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت کے وزیر اعظم نواز شریف نے کسی سپر پاور کی دھمکیوں کی پرواہ نہیں کی اور نہ ہی اربوں ڈالر کی پیشکش انہیں اپنے آہنی عزم سے ہٹا سکتی ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمیں اب پاکستان کو معاشی طاقت بنانا ہے، آج کا ایٹمی پروگرام معاشی کمزوری دور کرنا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ دشمن ہمیشہ افواج اور عوام پر حملے کی کوشش کرتے ہیں، قوم کا اتحاد ہی پاکستان کی اصل ایٹمی طاقت ہے۔
دوسری جانب یوم تکبیر کے موقع پر آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ قوم آج یوم تکبیر کی سلور جوبلی منا رہی ہے، پاکستان کی اس کامیابی نے خطے میں طاقت کے توازن کو نئی شکل دی ہے۔
آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں کہا کہ بہترین دماغوں نے سخت چیلنجز کے باوجود کارنامے سر انجام دیے ہیں اور مسلح افواج ان افراد کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ پاک فوج سائنسدانوں اور انجینئرز کو سلام پیش کرتی ہے، یہ وطن ہمیشہ رہے گا، پاکستان زندہ باد۔