اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )افغان وزارت خارجہ نے تصدیق کی ہے کہ امریکہ اور طالبان کے وفد کی دوحہ میں ملاقات ہوگی۔
افغان وزارت خارجہ نے دوحہ میں امریکی اور طالبان کے وفود کی ملاقات کی تصدیق کی ہے۔گزشتہ روز امریکی محکمہ خارجہ نے اعلان کیا تھا کہ امریکی حکام رواں ہفتے دوحہ میں طالبان کے نمائندوں کے ایک وفد سے ملاقات کریں گے جس میں معیشت، سلامتی اور خواتین کے حقوق پر بات چیت ہوگی۔
تاہم رواں ہفتے ہونے والی ملاقات کی تصدیق کرتے ہوئے افغان وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ دوحہ میں امریکی وفد سے ملاقات میں افغان وفد کی قیادت نگراں وزیر خارجہ عامر خان متقی کریں گے۔افغان وزارت خارجہ کے مطابق دوحہ مذاکرات میں افغانستان کی ترجیح پابندیوں اور بلیک لسٹ کا خاتمہ ہو گی۔امریکی حکام رواں ہفتے دوحہ میں طالبان نمائندوں کے ایک وفد سے ملاقات کریں گے۔
دوسری جانب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ کا کہنا ہے کہ طالبان سے ملاقات کا مطلب امریکی پالیسی میں تبدیلی نہیں ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کے مطابق امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان تھامس ویسٹ اور افغان خواتین، لڑکیوں اور انسانی حقوق کی سفیر رینا امیری طالبان وفد سے ملاقات کریں گے۔ تھامس ویسٹ اور رینا امیری 26 سے 31 جولائی تک قازقستان اور قطر کا دورہ کر رہے ہیں۔