اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز) امریکا کی وفاقی عدالت کے جج نےالیکٹرک گاڑیاں بنانے والی کمپنی ٹیسلا کے سی ای او اور امریکا کے محکمہ برائے حکومتی کارکردگی (DOGE) کے رکن ایلون مسک کو یو ایس ایڈ ختم کرنے سے روک دیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق میری لینڈ کی وفاقی عدالت نے امریکا کے استعداد کار سے متعلق محکمہ ڈوج اور ایلون مسک کو یوایس ایڈ ادارے کے خلاف مزید اقدامات کر کے اسے ختم کرنے سے روک دیا۔
عدالت نے حتمی حکمنامہ مدعی کے حق میں جاری ہونے کی صورت میں ٹرمپ انتظامیہ کو یو ایس ایڈ کو واشنگٹن میں رونالڈ ریگن عمارت میں واقع اپنے ہیڈکوارٹر کو پھر سے استعمال کرنے کی اجازت دینے کے لیے اقدامات کا بھی حکم دے دیا۔
یاد رہے کہ مقدمہ یوایس ایڈ کے 2 درجن سے زائد ملازمین کی جانب سے سٹیٹ ڈیموکریسی ڈیفنڈرز گروپ نے دائر کیا تھا۔
دوسری جانب میری لینڈ کی وفاقی عدالت کے جج تھیوڈور کی جانب سے یہ فیصلہ ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے وفاقی حکومت کا حجم کم کرنے کی کوششوں پر ضرب قرار دیا جا رہا ہے۔