اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)امریکی سفارت خانہ اسلام آباد نے موجودہ سکیورٹی صورتحال کے پیش نظر تمام ویزہ سروسز 6 مارچ تک منسوخ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ سفارتی حکام کے مطابق یہ فیصلہ احتیاطی تدابیر کے تحت کیا گیا ہے تاکہ عملے اور درخواست گزاروں کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔
سفارت خانے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ پابندی نہ صرف اسلام آباد میں قائم مرکزی سفارت خانے بلکہ امریکی قونصل خانہ لاہور اور امریکی قونصل خانہ کراچی پر بھی لاگو ہوگی۔ اس سے قبل ویزہ سروسز 2 مارچ تک معطل کی گئی تھیں، تاہم تازہ سکیورٹی خدشات کے باعث اس معطلی میں مزید توسیع کر دی گئی ہے۔
یاد رہے کہ اتوار کے روز کراچی میں امریکی قونصل خانے کے باہر ہنگامہ آرائی کے دوران سکیورٹی اہلکاروں کی فائرنگ سے 10 افراد جاں بحق جبکہ 35 زخمی ہو گئے تھے۔ اس واقعے کے بعد سکیورٹی انتظامات مزید سخت کر دیے گئے ہیں اور سفارتی تنصیبات کے اطراف اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں مظاہرین نے ایرانی سپریم رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کے بعد امریکی سفارتی مشنز کے باہر احتجاج کیا اور بعض مقامات پر قونصل خانوں کا گھیراؤ بھی کیا گیا۔ ان مظاہروں کے دوران کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا جس کے نتیجے میں حکام نے سکیورٹی اقدامات مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا۔
امریکی حکام نے ویزہ درخواست گزاروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ نئی تاریخ کے اعلان تک سفارت خانوں یا قونصل خانوں کا رخ نہ کریں۔ متاثرہ درخواست گزاروں کو نئی اپائنٹمنٹ سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے اور حالات معمول پر آتے ہی سروسز بحال کر دی جائیں گی۔