غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق کویتی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ کشیدہ صورتحال اسرائیل کے جارحانہ رویے اور خلاف ورزیوں کا نتیجہ ہے، سلامتی کونسل اور عالمی برادری کشیدگی کے خاتمے کے لیے اقدامات کرے۔
کویتی وزارت خارجہ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ فلسطینی عوام کے تحفظ کے لیے فوری اقدامات کرے اور اسرائیل پر مسجد اقصیٰ کی مسلسل بے حرمتی اور یہودی بستیوں میں توسیع کی پالیسیوں کے خلاف دباؤ ڈالے۔
دوسری جانب کویت سٹی میں فلسطینی مزاحمتی تحریک کی جانب سے اسرائیل کے خلاف اقدامات کے حق میں ایک اجتماع کا انعقاد کیا گیا جس میں کویتیوں اور غیر ملکیوں کی بڑی تعداد فلسطینی پرچم تھامے جمع ہوئی۔
حماس کے حملوں میں فوج کے کرنل سمیت ہلاک ہونے والے اسرائیلیوں کی تعداد 500 سے تجاوز کر گئی اور 1590 افراد زخمی ہوئے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کے ایک سینئر کرنل سمیت ہلاک ہونے والے اسرائیلیوں کی تعداد 500 سے تجاوز کر گئی جب کہ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس کے اسرائیل پر حملوں میں 1590 افراد زخمی ہوئے۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے حماس کے حملوں میں 200 اسرائیلیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ سعودی عرب، ایران، قطر اور عمان نے بھی اسرائیل اور فلسطین کے درمیان کشیدہ صورتحال کی مذمت کی ہے۔