اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)ملک میں سموگ کی لہر برقرار ہے ، ملتان ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سرفہرست ہے جبکہ آلودگی کے لحاظ سے لاہور دوسرے نمبر پر ہے۔
ملتان شہر کا ہوا کے معیار کا مجموعی انڈیکس 597 پوائنٹس پر ریکارڈ کیا گیا ہے جبکہ اگلے 24 گھنٹوں کے دوران شہر کا موسم خشک اور سرد رہے گا۔
دوسری جانب آلودگی کے لحاظ سے لاہور دنیا میں دوسرے نمبر پر ہے، شہر میں سموگ کی اوسط شرح 393 جبکہ ڈی ایچ اے ایریا کا ایئر کوالٹی انڈیکس 896 تک پہنچ گیا ہے۔
اسی طرح لاہور کے علاقے میں غازی روڈ انٹرچینج کا ایئر کوالٹی انڈیکس 647، جوہر ٹاؤن ایریا کا ایئر کوالٹی انڈیکس 425 ہے۔
اس کے علاوہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج ملک میں مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ داخل ہوگا، پنجاب کے مختلف علاقوں میں 15 اور 16 نومبر کو بادلوں کی بارش کے امکانات ہیں جبکہ بارش کی وجہ سے ہوا کے معیار کے انڈیکس میں واضح کمی واقع ہوئی ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا میں سموگ کم ہونے لگی، صوبائی دارالحکومت پشاور میں سموگ میں واضح کمی آئی ہے، پشاور میں ہوا کے معیار کا انڈیکس 187 تک پہنچ گیا ہے۔
دنیا کے آلودہ ترین شہروں میں سے، پشاور تیسرے سے چھٹے نمبر پر چلا گیا، ہری پور میں 200 اور ایبٹ آباد میں 163 کا AQI ریکارڈ کیا گیا۔.
پنجاب کے میدانی علاقوں میں سموگ اور دھند کی وجہ سے کئی مقامات پر مختلف موٹر ویز بند کر دی گئیں۔
سٹی ٹریفک اینڈ موٹر وے پولیس کے ترجمان کے مطابق لاہور سے شیخوپورہ تک موٹروے M2، لاہور سے درخانہ تک موٹروے M4 اور سمبریل سے M11 سیالکوٹ موٹروے سموگ اور دھند کی وجہ سے مرئیت کم ہونے کی وجہ سے بند کر دی گئی ہے۔