اردو ورلڈ کینیڈا(ویب نیوز) پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ یہ ظلم کی انتہا ہے جو شہباز گل کے ساتھ ہو رہا ہے لیکن یاد رکھیں پوری پارٹی شہباز گل کے ساتھ کھڑی ہے۔
اسلام آباد کی عدالت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ میرے لیے حیران کن ہے کہ ہائیکورٹ کی جانب سے نوٹس جاری کیے گئے ہیں، صرف تشدد کے لیے ریمانڈ لینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہباز گل کیس میں حکومت بھاگ رہی ہے اور حکومت کے وکلا دلائل دینے کو تیار نہیں، یہ معاملہ جلد حل کیا جائے
فواد چوہدری نے کہا کہ یہ کیس وہی ہے جو نواز شریف، مولانا فضل الرحمان اور مریم صفدر نے کیاتھا۔ اس دن عاشورہ تھا اور سب جانتے ہیں کہ موبائل فون کام نہیں کر رہے تھے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز گل اوورسیز پاکستانی ہیں، ان کا دہشت گرد تنظیموں سے کوئی تعلق نہیں، شہباز گل کمزور ہیں اس لیے ان کے خلاف مقدمہ بنایا گیا۔