اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) عالمی بینک نے پاکستان کے لیے 20 ارب ڈالر مالیت کے 10 سالہ ترقیاتی پروگرام پر عمل درآمد کے عزم کا اعادہ
ملک کی معاشی اصلاحات اور ترقیاتی منصوبوں کی حمایت جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔یہ پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی سعودی عرب میں عالمی بینک کی منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) سے اہم ملاقات ہوئی۔ وزارتِ خزانہ کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان جاری ترقیاتی فریم ورک پر ہونے والی پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
بات چیت کے دوران توانائی، تعلیم، صحت اور موسمیاتی تبدیلی جیسے اہم شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔ اس کے علاوہ قرض کے بدلے ترقیاتی منصوبوں کو آگے بڑھانے اور وسائل کے مؤثر استعمال پر بھی غور کیا گیا تاکہ ملکی معیشت کو مستحکم بنانے میں مدد مل سکے۔
وزارتِ خزانہ کا کہنا ہے کہ عالمی بینک نے مختلف منصوبوں پر عمل درآمد کے معیار کو بہتر بنانے پر زور دیا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان میں جاری معاشی اصلاحات کی بھرپور حمایت جاری رکھی جائے گی۔ حکام کے مطابق یہ پروگرام طویل المدتی اقتصادی استحکام، انفراسٹرکچر کی بہتری اور عوامی فلاح کے منصوبوں میں اہم کردار ادا کرے گا۔
ماہرین کے مطابق 20 ارب ڈالر کا یہ پیکیج پاکستان کے لیے نہایت اہم ہے، جو نہ صرف ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کر سکتا ہے بلکہ سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے اور معاشی چیلنجز سے نمٹنے میں بھی مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ اس پیش رفت کو پاکستان اور عالمی مالیاتی اداروں کے درمیان مضبوط ہوتے اعتماد کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔