اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)عالمی بینک نے رواں مالی سال پاکستان کو 2 ارب ڈالر فراہم کرنے کا عندیہ دے دیا۔نگراں وفاقی وزیر خزانہ شمشاد اختر نے کہا ہے کہ حکومت معیشت کے استحکام اور پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے اصلاحات نافذ کر رہی ہے۔ پاکستان ورلڈ بینک کے ساتھ اپنی ترقیاتی شراکت داری کو بہت اہمیت دیتا ہے۔
عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسین نے کہا کہ رواں مالی سال عالمی بینک سے پاکستان کو دو ارب ڈالر کی فنانسنگ فراہم کرنے کے لیے مشترکہ کوششیں کی جا رہی ہیں۔ ملاقات میں ناجی بن حسین نے رواں مالی سال پاکستان کو دو ارب ڈالر فراہم کرنے کا عندیہ دیا۔ تاہم یہ تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں کہ یہ رقم کیسے فراہم کی جائے گی۔
وزارت خزانہ کے اعلامیے کے مطابق عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر ناجی بن حسین نے شمشاد اختر سے ملاقات کی۔ اجلاس میں پاکستان میں عالمی بینک کے جاری منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ اس دوران پاکستان میں عالمی بینک کے جاری منصوبوں کی مجموعی کارکردگی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملک میں اقتصادی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے مختلف ترجیحی شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے مختلف آپشنز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
کنٹری ڈائریکٹر ناجی بنحیسن نے نگراں وزیر خزانہ کو ورلڈ بینک کے جاری پورٹ فولیو پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے کہا کہ عالمی بینک کی انتظامیہ وزارت خزانہ کے ساتھ مل کر نہ صرف جاری پورٹ فولیو کی کارکردگی کو بہتر بنانے کی کوشش کر رہی ہے بلکہ زیادہ سے زیادہ غیر ملکی وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔