اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وفاقی وزارت صحت کی جانب سے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان (ڈریپ) کو لکھے گئے خط میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملک بھر میں جان بچانے والی ادویات سمیت کئی ادویات کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔
اس حوالے سے وفاقی وزارت صحت کے حکام نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کو خط لکھا ہے جس میں ڈریپ سے ادویات بنانے والی کمپنیوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
وفاقی وزارت صحت کے حکام نے ڈریپ کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ مارکیٹ میں ادویات کی بلا تعطل فراہمی اور دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ ڈریپ نے قیمتوں میں اضافے کی سفارش کی ہے۔
ڈریپ حکام نے تصدیق کی کہ انہیں وزارت صحت کی جانب سے خط موصول ہوا ہے اور کہا ہے کہ ’’ادویات کی عدم دستیابی کے معاملے کا بغور جائزہ لیا جا رہا ہے‘‘۔
اسلام آباد کے محکمہ صحت کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے 131 ادویات غائب ہو گئی ہیں، مارکیٹ سے غائب ہونے والی زیادہ تر ادویات ملٹی نیشنل فارماسیوٹیکل کمپنیوں کی ہیں۔
ذرائع کے مطابق ملک کی مارکیٹوں سے غائب ہونے والی جان بچانے والی ادویات میں دل کے امراض، بلڈ پریشر، ذیابیطس، نفسیاتی امراض، امراض نسواں، پھیپھڑوں اور کینسر کے امراض کی ادویات غائب ہیں جب کہ ایم آر آئی اور سی ٹی سکین انجیکشنز بھی غائب ہیں۔