۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ میزبان ملک ورلڈ کپ میں ہماری کرکٹ ٹیم کو سیکورٹی فراہم کرے، سازگار ماحول پیدا کرنا بھارتی حکومت کی ذمہ داری ہے۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے بھارتی ویزے نہ ملنے کی وجہ سے ورلڈ کپ میں پاکستانیوں کو ویزے دینے کے لیے بھارت سے رابطے میں ہیں۔ کرکٹ دیکھنے کے لیے ویزے جاری کیے جائیں گے، بھارت سیاست کو کھیلوں سے نہ ملائے۔
انہوں نے کہا کہ ٹرانس ہمالین فورم کا آغاز جغرافیائی رابطے اور ماحولیاتی تحفظ کو بڑھانے کے لیے کیا گیا تھا۔ نگراں وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے ٹرانس ہمالین فورم سے خطاب کیا اور چینی وزیر خارجہ سے ملاقات بھی کی
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان اور خلیج تعاون کونسل کے درمیان مذاکرات کامیابی سے مکمل ہوئے، فریقین کے درمیان آزاد تجارتی معاہدے پر پیش رفت ہوئی، پاکستان نے جنیوا میں او آئی سی گروپ کے ساتھ نفرت اور امتیاز کے خاتمے کی تقریب منعقد کی۔
مسئلہ کشمیر سے متعلق سوال پر ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ جموں و کشمیر میں بھارتی قابض فوج کے مظالم کا سلسلہ جاری ہے، ستمبر میں 13 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کیا گیا، بھارتی مظالم جنیوا کنونشن کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہیں بھارت پاکستان کے خلاف مسلسل پروپیگنڈے میں ملوث ہے، بھارت خود پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث ہے۔
ممتاز زہرہ بلوچ نے کہا کہ افغان مہاجرین کے حوالے سے پاکستان کی پالیسی میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، پاکستان نے برسوں سے لاکھوں مہاجرین کی کھلے دل سے میزبانی کی، پاکستان افغان مہاجرین کے خلاف نہیں بلکہ غیر قانونی تارکین وطن کے خلاف ہے پاکستان افغان مہاجرین سمیت تمام غیر قانونی مقیموں کے خلاف کارروائی کر رہا ہے، پاکستان افغان عبوری حکومت کے ساتھ روابط جاری رکھے گا۔