موبائل صارفین کے لئے سم کے حوالے سے بڑی خبر آگئی

اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے موبائل فون سمز کے استعمال سے متعلق ایک اہم انتباہ جاری کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ہر صارف کیلئے اپنی سم اپنے ہی نام پر رجسٹرڈ کروانا لازمی ہے۔ اتھارٹی کے مطابق کسی دوسرے فرد کے نام پر جاری سم کا استعمال نہ صرف قواعد کے خلاف ہے بلکہ قانوناً قابلِ گرفت بھی ہو سکتا ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ سم کے ذریعے کی جانے والی تمام سرگرمیوں، جن میں کالز، پیغامات اور انٹرنیٹ ڈیٹا کا استعمال شامل ہے، کی مکمل ذمہ داری اسی شخص پر عائد ہوتی ہے جس کے نام پر سم رجسٹرڈ ہے۔ اگر کسی سم کا غلط یا غیرقانونی استعمال ہوتا ہے تو اس کی جواب دہی بھی رجسٹرڈ صارف کو ہی کرنا ہوگی۔ اسی لیے شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صرف اپنی ذاتی شناخت پر جاری سمز ہی استعمال کریں۔

اتھارٹی نے مزید واضح کیا کہ ٹیلی کام سروسز کے استعمال کے دوران تمام متعلقہ قوانین اور ضوابط کی پابندی ضروری ہے۔ خلاف ورزی کی صورت میں پی ٹی اے قانونی کارروائی کا اختیار رکھتی ہے، جس میں سم کی بندش یا دیگر سزائیں بھی شامل ہو سکتی ہیں۔ اس اقدام کا مقصد عوامی سلامتی کو یقینی بنانا اور ٹیلی کام نظام کے غلط استعمال کو روکنا ہے۔

پی ٹی اے کے ڈائریکٹر کاشف غفور نے اس حوالے سے کہا ہے کہ یہ کوئی نیا حکم نامہ نہیں بلکہ صارفین کو وقتاً فوقتاً یاد دہانی کروائی جاتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سم کے اجرا کے وقت کیے جانے والے معاہدے میں واضح طور پر درج ہوتا ہے کہ سم اسی شخص کے نام پر استعمال ہوگی جس کے نام پر وہ جاری کی گئی ہے۔ قانون کے تحت ایک فرد اپنے شناختی کارڈ پر زیادہ سے زیادہ آٹھ سمز رجسٹرڈ کروا سکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ فی الحال کسی اور کے نام پر استعمال ہونے والی سمز کو بند کرنے کا حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا، تاہم صارفین کو چاہیے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ اپنی سمز کی تعداد جاننے کیلئے شہری اپنا شناختی کارڈ نمبر 668 پر بھیج سکتے ہیں، جس کے جواب میں انہیں اپنے نام پر رجسٹرڈ تمام سمز کی تفصیل بذریعہ ایس ایم ایس فراہم کر دی جائے گی۔

پی ٹی اے نے عوام پر زور دیا ہے کہ وہ اس ہدایت پر عمل کرتے ہوئے اپنے اور معاشرے کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور کسی بھی ممکنہ قانونی مشکل سے بچنے کیلئے فوری طور پر اپنی سمز کی تصدیق کروا لیں۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں