اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) کہا جاتا ہے کہ جذبے کی کوئی قیمت نہیں اور اگر یہ جذبہ حصول تعلیم کا ہو اور اس میں تحقیق اور لگن شامل ہو تو دنیا کی کوئی طاقت اس جذبے کو پورا ہونے سے نہیں روک سکتی۔
مشہور کہاوت کہ سیکھنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی سعودی عرب کی ایک خاتون نے سچ ثابت کیا ہے جس نے 110 سال کی عمر میں سیکھنے کا فیصلہ کیا اور اب وہ لکھنا پڑھنا سیکھ رہی ہیں۔ .
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب کے صوبہ عسیر کے شہر بیشہ کی رہائشی 110 سالہ نودا القحطانی نے ‘سمر لٹریسی کورس مکمل کیا اور پڑھنا لکھنا شروع کیا۔مقامی تعلیمی حکام نے اس خاتون کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی جس میں وہ پنسل تھامے کتاب پر لکھ رہی ہے اور اس کی تعلیم حاصل کرنے کی کوششوں کو سراہ رہی ہے۔
110 سالہ نودہ القحطانی کے بیٹے کا کہنا ہے کہ میری والدہ نے اس موسم گرما میں مذہب کی تعلیم حاصل کرنے کے لیے ایک کورس میں رجسٹریشن کروائی تھی۔انھوں نے کہا کہ امی خوش ہیں کہ انھیں یہ موقع ملا، انھوں نے مذہبی معاملات جاننے کے لیے تعلیم حاصل کی۔بیٹے نے بتایا کہ کورس مکمل کرنے کے بعد ماں اب قرآن پڑھ سکتی ہے اور لکھ سکتی ہے۔سعودی میڈیا کے مطابق 110 سالہ خاتون کا کہنا ہے کہ تعلیم حاصل کرنے کی کوئی عمر نہیں ہوتی، میں بہت خوش ہوں کہ مجھے یہ موقع ملا۔