اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )اسلام آباد کی مقامی عدالت نے مری پولیس کی 3 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
سابق صدر آصف زرداری پر عمران خان کو قتل کرنے کی سازش کا الزام لگانے کے مقدمے میں گرفتار شیخ رشید کے خلاف مری تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا
مری پولیس نے شیخ رشید کو سول کورٹ میں پیش کر کے 3 روزہ جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی، مری پولیس نے استدعا کی کہ شیخ رشید سے کیس کے حوالے سے تفتیش کی جائے اور کچھ ریکوری بھی کی جائے۔
درخواست میں استدعا کی گئی کہ شیخ رشید کو 3 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کیا جائے، عدالت نے مری پولیس کی جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے شیخ رشید کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ وہ ساری زندگی جیل میں گزار سکتے ہیں لیکن دوسروں سے بے وفائی نہیں کر سکتے۔
سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ مخالفین مجھے محب وطن پارٹی کا سربراہ بنانا چاہتے ہیں لیکن میں بے وفائی نہیں کروں گا۔
شیخ رشید نے کہا ہے کہ خان صاحب کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ وہ صوبائی الیکشن نہیں کرانے جارہے، قومی اور صوبائی الیکشن ایک ساتھ کرائیں گے، ضمنی الیکشن پر این اے 62 سے الیکشن لڑوں گا۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ میرے خلاف کوئی مقدمہ نہیں، کیس کے پیچھے فیس ہے، میرے گھر میں ڈکیتی ہوئی، سامان چوری ہوا۔