اردو ورلڈکینیڈا ( ویب نیوز )تحریک انصاف کے رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ آج پرامن ریلی نکالی جائے گی اور اس کی قیادت عمران خان کریں گے۔
تفصیل کے مطابق پی ٹی آئی کے سینئر رہنما شاہ محمود قریشی نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قیادت اجلاس میں عمران خان کے فیصلے کے مطابق آج لاہور میں پرامن ریلی نکالی جائے گی، جس کی قیادت عمران خان کریں گے۔
شاہ محمود نے کہا کہ مریم کو سب کچھ کرنے دیا جاتا ہے اور ہمیں آئینی اور قانونی حقوق سے روکا جا رہا ہے، یہ کھلا تضاد ہے، اسی لیے ہم الیکشن میں جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت لاشیں پھینک کر انتخابات کو ملتوی کرنا چاہتی ہے اور نگراں وزیر اعلیٰ کو یہ کہنا چاہیے کہ وہ پی ڈی ایم کے وزیر اعلیٰ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتظامیہ نے آج دوبارہ 144 نافذ کر دی ہے جس کا کوئی جواز نہیں تاہم کاغذات نامزدگی آج ہی جمع کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی انتخابی مہم روکنے کے لیے 144 نافذ کر دی گئی ہے
شاہ محمود نے کہا کہ وکلا کی ٹیم کے ذریعے چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سے دفعہ 144 کا نفاذ ختم کرنے کی درخواست کریں گے، بابر اعوان سپریم کورٹ میں اپیل بھی کریں گے اور چیف الیکشن کمشنر سے بھی ملاقات کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ وہ آج 12 بجے جیل روڈ آفس میں پریس کانفرنس کریں گے۔ انہوں نے کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ 2 بجے سے پہلے زمان پارک پہنچ جائیں اور پرامن رہیں اور قانون کو ہاتھ میں نہ لیں۔
پنجاب حکومت کے سیاسی سرگرمیوں پر پابندی کی کوششوں کو مسترد کرتے ہیں، یہ لوگ زندگی میں کوئ الیکشن نہیں لڑے صرف سازشوں سے عہدے حاصل کر کے بیٹھے ہیں ، الیکشن کمیشن سے کہا ہے پنجاب حکومت کے 144 لگانے کے عمل کو کالعدم قرار دے، ریلی پروگرام کے مطابق ہو گی
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) March 11, 2023
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما چوہدری فواد حسین نے ٹویٹ کیا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے سیاسی سرگرمیوں پر پابندی کی کوششوں کو مسترد کرتے ہیں۔ پنجاب حکومت کی جانب سے 144 کے نفاذ کا عمل کالعدم قرار دیا جائے۔