اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ نوجوان قوم کے مستقبل اور خوشحالی کے ضامن ہیں، قوم کی ترقی کی کنجی نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے اور ان پر سرمایہ کاری سے بہتر کوئی چیز نہیں۔
جناح کنونشن سینٹر میں پرائم منسٹر یوتھ پروگرام کے تحت لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ جب میں پنجاب کا خادم تھا تو نوجوانوں میں لاکھوں لیپ ٹاپ تقسیم کیے، پنجاب کے لاتعداد طلبا کو تعلیمی وظائف دینے کے لیے کوشاں ہیں۔
ان میں سے بہت سے طلباء آج ڈاکٹر، انجینئر اور کامیاب پروفیشنل بن چکے ہیں اور پاکستان کی خدمت کر رہے ہیں۔وزیراعظم نے کہا کہ قوم کے روشن مستقبل کی کنجی نوجوانوں کے ہاتھ میں ہے۔ میرا دل چاہتا ہے کہ ہر نوجوان کے ہاتھ میں لیپ ٹاپ دوں۔ انہوں نے کہا کہ دور جدید کے تقاضوں کے مطابق قوم کا ہر بچہ جو علم رکھتا ہے اور محنت کرنا چاہتا ہے اسے اپنا پیٹ کاٹ کر لیپ ٹاپ فراہم کیا جائے گا، یہ لیپ ٹاپ لاکھوں نوجوانوں کو روزگار کے قابل بنانے کا ذریعہ بھی بن گیا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ ایک سال کے دوران نوجوانوں میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے، اس کے لیے بجٹ میں رقم مختص کی گئی ہے اور یہ لیپ ٹاپ کسی سفارش پر نہیں بلکہ خالصتاً میرٹ پر دیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں
شہباز شریف نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت سوشل سیکورٹی اکاؤنٹ جاری کر دیا
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ نوجوانوں کو ہنر مند بنانے کے لیے 5 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ دیہی علاقوں میں رہنے والے نوجوانوں کو 5 ارب روپے کے زرعی قرضے بھی فراہم کیے جائیں گے۔وزیراعظم نے اس یقین کا اظہار کیا کہ نوجوانوں کی محنت رنگ لائے گی اور ہم آئی ٹی کے میدان میں پڑوسی ملک کو پیچھے چھوڑ کر پاکستان کو اس کا کھویا ہوا مقام واپس دلائیں گے۔قبل ازیں وزیراعظم نے فیتہ کاٹ کر پاکستان کے طلباء میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کے پروگرام کا افتتاح کیا۔