اردو ورلڈ کینیڈا (ویب نیوز)نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے کہا ہے کہ خواتین کے ساتھ ناروا سلوک کا کوئی واقعہ نہیں ہوا، خواتین سے متعلق خبریں بے بنیاد اور گمراہ کن ہیں، خواتین کے ساتھ ناروا سلوک کا پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محسن نقوی کا کہنا تھا کہ 9 مئی کا واقعہ پاکستان کی تاریخ میں پہلے کبھی نہیں ہوا، جناح ہاؤس واقعے میں ملوث کسی کو رہا نہیں کیا گیا،
انہوں نے کہا کہ خدیجہ شاہ کی شناخت پریڈ جاری ہے، جناح ہاؤس پر حملے کے ذمہ داروں کو سزا ملے گی۔
نگر ان وزیراعلیٰ نے کہا کہ جیل میں خواتین کے ساتھ ناروا سلوک جیسے واقعات تاریخ میں نہیں ہوئے، پولیس اہلکار غیر اخلاقی کام کرے گا تو اسے سزا ملے گی، تاحال عمران خان کو حراست میں لینے کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔
دوسری جانب پنجاب کے وزیر اطلاعات عامر میر نے بھی 9 مئی کے واقعات میں ملوث گرفتار خواتین کے ساتھ ناروا سلوک کے پروپیگنڈے کو جھوٹا اور گمراہ کن قرار دیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس جیلوں میں خواتین کے ساتھ قانون کے مطابق خوش اسلوبی سے پیش آ رہی ہے، 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی کرنے والا پہلے کی طرح عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔