اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خرم دستگیر نے کہا کہ ملک میں این ٹی ڈی سی کے 1112 گرڈ سٹیشنز ہیں جنہیں بحال کر دیا گیا ہے جس کے بعد ملک بھر میں بجلی کا نظام مکمل طور پر بحال ہو گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کل صبح ساڑھے سات بجے تکنیکی خرابی پیش آئی ،وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ نیوکلیئر پلانٹ کو دوبارہ شروع ہونے میں 24 سے 48 گھنٹے درکار ہیں جب کہ کول پلانٹ کو چلانے کے لیے بھی 48 گھنٹے درکار ہیں، اس لیے آئندہ 48 گھنٹوں میں ملک میں بجلی کی کمی ہوگی۔ ملک میں گھنٹوں لوڈ شیڈنگ ہوگی۔
کل تک سب کچھ بحال ہوجائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک کا ٹرانسمیشن سسٹم محفوظ ہے، پاور پلانٹس کو چلانے کے لیے تیل کی وافر مقدار موجود ہے۔خرم دستگیر نے کہا کہ ایک خدشہ ہے اور ہمیں تحقیقات کرنی ہیں کہ ہمارے سسٹم میں ہیکنگ کے ذریعے کوئی بیرونی مداخلت تو نہیں ہوئی، اس کی بھی تحقیقات کی جائیں گی تاہم انٹرنیٹ سے بیرونی مداخلت کا امکان کم ہے۔ وزیراعظم نے تین رکنی تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ جس کی سربراہی مصدق ملک کریں گے۔