اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)سندھ حکومت نے کراچی، حیدرآباد، دادو میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا اعلان کرتے ہوئے نئی حلقہ بندیوں سے متعلق نوٹیفکیشن بھی واپس لے لیا ہے۔
کراچی میں سندھ حکومت کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سندھ کے باقی ماندہ اضلاع میں بلدیاتی انتخابات معمول کے مطابق ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ کسی کے احتجاج اور دھمکی پر نہیں کیا گیا بلکہ ایم کیو ایم کو حلقہ بندیوں پر تحفظات ہیں۔ یہ فیصلہ سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد کیا گیا ہے۔
سندھ حکومت نے کراچی سمیت حیدرآباد اور دادو کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرتے ہوئے آئین کے آرٹیکل 10 کے تحت الیکشن کمیشن کو خط لکھنے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ کے باقی اضلاع میں بلدیاتی انتخابات معمول کے مطابق ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے تحفظات حکومتی سطح پر دور کیے جائیں گے کیونکہ یہ ہماری اتحادی بھی ہے انہوں نے صوبہ سندھ میں سیکیورٹی خدشات کا بھی ذکر کیا ہے۔