اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)آرمی پبلک اسکول پشاور پر دہشت گرد حملے کی گیارھویں برسی کے موقع پر صدرِ مملکت اور وزیراعظم پاکستان نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ریاستِ پاکستان کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے کسی قسم کی بات چیت نہیں کی جائے گی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت کے ساتھ جاری رہے گی۔
صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں اے پی ایس کے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کی قربانی قوم کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے شہداء کے اہلِ خانہ کے حوصلے اور صبر کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان قربانیوں کی یاد قوم کے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہے۔
صدرِ مملکت نے واضح کیا کہ دہشت گردی کے خلاف پاکستان کا مؤقف غیر متزلزل ہے اور دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور مالی معاونین کے ساتھ کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ انہوں نے بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کی بھی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستان دشمن عناصر کو بے نقاب کرتا رہے گا۔ صدر نے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن دشمنوں کو ہر حال میں ناکام بنایا جائے گا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ اے پی ایس کے شہداء نے وطن کے مستقبل کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ سانحہ پوری قوم کے لیے ایک کڑا امتحان تھا، مگر اس نے قوم کے حوصلے پست کرنے کے بجائے مزید مضبوط کیے۔
وزیراعظم نے کہا کہ معصوم بچوں، اساتذہ اور عملے کی قربانیاں قومی تاریخ کا انمٹ حصہ ہیں اور دہشت گردی کا مکمل خاتمہ ہی ان شہداء کے ساتھ حقیقی انصاف ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ آج بھی جب ملک کو دہشت گردی کا سامنا ہے، سانحۂ اے پی ایس ہمیں یاد دلاتا ہے کہ یہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ حکومت زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔ انہوں نے شہداء کے لیے بلندیٔ درجات اور لواحقین کے لیے صبر کی دعا بھی کی۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی اپنے پیغام میں اے پی ایس کے شہداء کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ سانحہ پاکستان کی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے، جس نے دہشت گردی کے سفاک چہرے کو پوری دنیا کے سامنے آشکار کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ 16 دسمبر 2014 کو معصوم بچوں کو نشانہ بنا کر پاکستان کے مستقبل پر حملہ کیا گیا، مگر ان عظیم قربانیوں نے قوم کو دہشت گردی کے خلاف ایک واضح اور فیصلہ کن راستہ دکھایا۔ وزیر داخلہ کے مطابق، ریاست اب یہ واضح کر چکی ہے کہ دہشت گردی کسی بھی نام یا نظریے کے تحت ناقابل قبول ہے۔
محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گرد عناصر اور ان کے سہولت کاروں کے مکمل خاتمے کا فیصلہ اٹل ہے اور پاکستان دہشت گردی کے خلاف جنگ کو اس کے منطقی انجام تک پہنچا کر رہے گا۔