ارد و ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں 75 سال سے لاکھوں مسلمانوں پر ظلم ہو رہا ہے، بھارت کا یہ ظلم زیادہ دیر نہیں چلے گا، کشمیر پالیسی میں مزید جدت اور طاقت پیدا کرنا ہوگی۔
یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ قائداعظم نے کہا تھا کہ کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ جب کوئی قوم متحد ہوتی ہے تو وہ اپنے مقاصد آسانی سے حاصل کر لیتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر کی وادی بے گناہ مسلمانوں کے خون سے سرخ ہو گئی، 75 سالوں میں کشمیر میں لاکھوں لوگوں کو ظلم کا نشانہ بنایا گیا، بھارت نے مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا، مودی نے 2019 میں مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت تبدیل کر دی
وزیراعظم نے کہا کہ آج تمام جماعتوں کا اتحاد دیکھ کر ہندوستان یقینا پریشان ہوگا۔ پاکستانیوں نے اپنے کشمیری بھائیوں کو ہمیشہ یاد رکھا ہے اور ان کی اخلاقی حمایت جاری رکھی ہے ہمیں کشمیر کاز کے لیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم ایٹمی طاقت ہیں، بھارت ہماری طرف حقارت کی نگاہ سے نہیں دیکھ سکتا، اگر ہم کشمیر کو آزادی دینا چاہتے ہیں تو معاشی طاقت کو بھی جوڑنا ہو گا، معاشی اور سیاسی استحکام لانا ہو گا۔