اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ 9 مئی کے سیاہ دن قوم کو شرمندہ کرنے والے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے سیالکوٹ گیریژن کا دورہ کیا اور یادگار شہدا پر پھول چڑھائے۔
آرمی چیف نے قوم کی عظمت، عزت اور وقار کے لیے شہدا کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ کسی کو بھی شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کی اجازت نہیں دی جائے گی اور شہدا مسلح افواج، قانون نافذ کرنے والے اداروں، سرکاری اہلکاروں اور پاکستانی عوام کے لیے باعث فخر ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حالیہ منصوبہ بند افسوسناک واقعات کو دوبارہ نہیں ہونے دیں گے، شہدا کا عظیم مقام پاکستانی عوام کے دلوں میں ہمیشہ رہے گا، شہدا افواج پاکستان کے لیے فخر کا باعث ہیں۔
آرمی چیف نے کہا کہ 9 مئی کے سیاہ دن قوم کو شرمندہ کرنے والے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور مسلح افواج نے ہمیشہ تمام شہدا اور ان کے خاندانوں کو اولیت دی ہے، شہدا کی عظیم قربانیوں کو ہمیشہ انتہائی عزت اور وقار کی نظر سے دیکھا ہے۔
آرمی چیف نے ماتحت فارمیشنز کی محنت، لگن، بلند حوصلے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا۔