اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ مذاکرات کی بات کرنے والے افراد ان کے ساتھ نہیں اور نہ ہی انہیں عمران خان کا قریبی ساتھی کہا جا سکتا ہے۔
انہوں نے توشہ خانہ کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کو 17، 17 سال قید کی سزا دینے کو قانون کے ساتھ مذاق قرار دیا اور مریم نواز کے معاملے پر کوئی واضح جواب نہ آنے پر سوال اٹھایا۔
علیمہ خان نے بتایا کہ عمران خان نے پُرامن احتجاج کی اپیل کی تھی اور ان پر الزام صرف یہ ہے کہ انہوں نے یہ پیغام عوام تک پہنچایا۔
انہوں نے کہا کہ جھوٹی گواہی دینے والوں کے خلاف کارروائی نہیں ہوتی، جس سے انصاف کا نظام متاثر ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ عمران خان ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں، گزشتہ اڑھائی سال سے جیل میں ہیں، مقدمات کا سامنا کرتے رہے اور ملک چھوڑنے کی پیشکش بھی مسترد کی۔
علیمہ خان نے ججز پر تنقید کی اور کہا کہ بعض غلط فیصلے دینے والے ججز ملک سے باہر چلے جاتے ہیں، جبکہ انسداد دہشتگردی عدالت کے ججز بھی کسی منصوبے کے تحت کام کرتے دکھائی دیتے ہیں۔