اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے پنیالہ میں پولیس موبائل پر بم دھماکے کے نتیجے میں تین اہل کار شہید ہو گئے۔ شہداء میں اے ایس آئی گل عالم، کانسٹیبل رفیق اور ڈرائیور سخی جان شامل ہیں جبکہ کانسٹیبل آزاد شاہ محفوظ رہے۔
واقعے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں اور پولیس کی ٹیمیں جائے وقوعہ پر پہنچیں اور شہداء کی لاشوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ پولیس نے دھماکے کے مقام سے شواہد اکٹھے کیے اور تحقیقات شروع کر دیں۔ ڈی ایس پی پنیالہ اور ایس ایچ او بھی فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، اور علاقے کی ناکا بندی کر دی گئی تاکہ مزید حملوں کو روکا جا سکے۔
یہ خبربھی پڑھیں :پاکستان میں سی ٹی ڈی کی کارروائیاں، 11 دہشت گرفتار کرلئے گئے
اسی دوران جنوبی وزیرستان کے اپر علاقے میں پولیس کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کی۔ پولیس ذرائع کے مطابق تھانہ تیارزہ کی حدود میں توروام مارکیٹ کے مقام پر یہ واقعہ پیش آیا، جس میں ایک اہل کار زخمی ہوا۔ پولیس کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں حملہ آور فرار ہو گئے۔ زخمی اہل کار امام حسین کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں اس کی حالت خطرے سے باہر بتائی گئی۔ پولیس نے علاقے میں ناکا بندی کرتے ہوئے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا ہے تاکہ حملے میں ملوث افراد کو جلد گرفتار کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈیرہ اسماعیل خان میں اس حملے کی سخت مذمت کی۔ انہوں نے شہداء کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کے بہادر اہل کاروں کی قربانی ناقابل فراموش ہے اور ان کی خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیر داخلہ نے یقین دہانی کرائی کہ حملے کے ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور ملک میں قانون کی حکمرانی قائم رکھنے کے لیے پولیس کی قربانیوں کو ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔