اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز) وزیراعلی پنجاب چوہدری پرویز الہی نے کہا ہے کہ فنانشل مینجمنٹ ایکٹ کے ذریعے محکموں کے مالی معاملات کو مزید شفاف بنایا جائے گا۔
بدھ کو وزیراعلی پنجاب کی زیر صدارت فنانشل مینجمنٹ ایکٹ کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا۔
اجلاس کے دوران فنانشل مینجمنٹ ایکٹ کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ متعلقہ معاملات کو جلد حل کرنے کی ہدایات کے ساتھ اسے فوری طور پر حتمی شکل دی گئی۔
اس حوالے سے پرویز الہی کا کہنا تھا کہ یہ ایکٹ حکومتی اخراجات کے شفاف استعمال اور گڈ گورننس کے لیے بہت اہم ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایکٹ کے ذریعے محکموں کے مالیاتی امور کو مزید شفاف بنایا جائے گا، اخراجات اور وصولیوں میں توازن سے معاشی معاملات میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری محکموں کی مالی کارکردگی پر بھی کڑی نظر رکھی جائے گی۔
وزیراعلی پنجاب نے مزید کہا کہ مالیاتی انتظام اور مالیاتی امور کا ہر تین ماہ بعد جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محکموں کے مالی معاملات کو بہتر بنانے کے لیے ضروری اصلاحات کی جائیں گی اور مالی بے ضابطگیوں کی صورت میں سرکاری محکمے جوابدہ ہوں گے۔