اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)پنجاب حکومت نے محرم الحرام کے موقع پر امن و امان کے لیے صوبے بھر میں شرپسندوں کے خلاف آپریشن کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعلیٰ محسن نقوی کی ہدایت پر چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں 4 گھنٹے طویل اجلاس ہوا۔
محسن نقوی نے پنجاب میں فورتھ شیڈول میں شامل افراد کے خلاف کارروائی کا حکم دیتے ہوئے فورتھ شیڈول میں شامل افراد کی نقل و حرکت پر پابندی بھی عائد کردی۔ 280 ہاٹ سپاٹ کی کڑی نگرانی کی جائے گی۔
آر پی اوز اور ڈی پی اوز کو محرم کے دوران قیام امن کے لیے ٹاسک دے دیا گیا ہے، امن کمیٹیوں کو فعال کرنے کے ساتھ ساتھ تمام اداروں کو محرم کے دوران قیام امن کے لیے الرٹ کر دیا گیا ہے۔
چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان نے کہا کہ محرم کے دوران عوامی امن کے قیام کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔
دوسری جانب آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، چیف سیکرٹری نے دریائے چناب اور اس سے منسلک ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ کی مکمل مانیٹرنگ کا حکم دیا۔
چیف سیکرٹری نے کہا کہ ایمرجنسی پلان پر عملدرآمد انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، غفلت برداشت نہیں کی جائے گی، بارش کے دوران تمام مشینری اور پانی صاف کرنے والے پمپس کو پوری صلاحیت کے ساتھ فعال رکھا جائے۔
اجلاس میں انسپکٹر جنرل پولیس ڈاکٹر عثمان انور، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، انٹیلی جنس ایجنسیز، سی ٹی ڈی، سپیشل برانچ، میونسپل سیکرٹری اور متعلقہ حکام، تمام ڈویژنل کمشنرز، آر پی اوز، ڈی پی اوز اور ڈپٹی کمشنرز نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔