اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )سپریم کورٹ کے حکم پر اسٹیٹ بینک کی جانب سے پنجاب میں انتخابات کے لیے فنڈز براہ راست الیکشن کمیشن کو دینے کی آج آخری تاریخ ہے۔
سپریم کورٹ نے اسٹیٹ بینک کو پنجاب میں انتخابات کے لیے براہ راست الیکشن کمیشن کو رقم جاری کرنے کا حکم دیا تھا۔
حکم نامے میں کہا گیا کہ وزارت خزانہ نے بتایا ہے کہ الیکشن کمیشن کو 17 اپریل تک 21 ارب روپے دئیے جائیں گے۔
سپریم کورٹ نے اسٹیٹ بینک اور وزارت خزانہ کو 18 اپریل تک فنڈز فراہم کرنے کے حکم پر عملدرآمد رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔
سپریم کورٹ نے حکم دیا تھا کہ وزارت خزانہ اکاؤنٹنٹ جنرل کی تصدیقی رپورٹ 18 اپریل کو پیش کرے۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا کہ الیکشن کمیشن 21 ارب روپے کے فنڈز کی ریکوری سے متعلق رپورٹ بھی 18 اپریل کو عدالت میں پیش کرے۔
دوسری جانب اس معاملے پر قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کا ہنگامی اجلاس آج ہوگا، قومی اسمبلی کی منظوری کے بغیر انتخابات کے لیے فنڈز جاری کرنے کے حکم نامے کا جائزہ لیا جائے گا۔
قائمہ کمیٹی برائے خزانہ نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کو اجلاس میں شرکت کی ہدایت کی ہے، اجلاس میں وزیر قانون، وزیر تجارت، آڈیٹر جنرل، گورنر اسٹیٹ بینک کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 12 اپریل کو سپریم کورٹ نے الیکشن کمیشن کی جانب سے فنڈز کی عدم فراہمی پر اٹارنی جنرل، گورنر اسٹیٹ بینک، سیکریٹری خزانہ اور سیکریٹری الیکشن کمیشن کو نوٹس جاری کیے تھے۔