اردوورلڈکینیڈا(ویب نیوز)پاکستان اور دنیا بھر میں آج یوم یکجہتی کشمیر منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد مظلوم کشمیری عوام کے حق خود ارادیت کے لیے ان کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرنا ہے۔ ہر سال 5 فروری کو یہ دن کشمیری عوام کی جدوجہد آزادی اور حق خودارادیت کے عزم کی تجدید کے طور پر منایا جاتا ہے۔
ملک بھر میں کراچی سے خیبر اور گلگت سے گوادر تک مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔ کوہالہ پل پر انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی جائے گی، جبکہ ریلیاں، سیمینارز اور احتجاجی مظاہرے بھی منعقد کیے جائیں گے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی جانب عالمی برادری کی توجہ مبذول کروائی جا سکے۔
آج آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بھی ہوگا، جس میں وزیراعظم پاکستان شہباز شریف خصوصی شرکت کریں گے۔
کشمیری عوام کی آزادی کی جدوجہد کے دوران ہزاروں افراد اپنی جانیں قربان کر چکے ہیں، جبکہ ایک ہزار سے زائد کشمیری شہری بھارتی جیلوں میں قید و بند کی مشکلات سہہ رہے ہیں۔ بھارت نے کشمیری عوام کی جائیدادیں ضبط کیں اور کاروباری مراکز و گھروں کو آگ لگا دی، مگر کشمیری عوام آج بھی اپنے حق خودارادیت کے لیے مضبوطی سے کھڑے ہیں۔
یوم یکجہتی کشمیر کا مقصد کشمیری عوام کو یہ پیغام دینا ہے کہ وہ اکیلے نہیں ہیں اور پاکستان کی سیاسی، عسکری قیادت اور پوری قوم ہمیشہ ان کے ساتھ کھڑی ہے۔ دہائیوں سے کشمیر پر بھارتی قبضہ اور ریاستی مظالم عالمی برادری سے یہ تقاضا کرتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے، اور یوم یکجہتی کشمیر اس عزم کی تجدید ہے کہ پاکستان ہر فورم پر کشمیری عوام کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔