اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )خیبرپختونخوا کے نگران وزیر اطلاعات نے کہا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملے کرنے والوں کے خلاف مقدمات فوجی عدالتوں میں بھیجے جائیں گے۔ پی ٹی آئی کے اعلیٰ رہنما لندن اور دبئی فرار ہو گئے ہیں۔
پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نگرا ن وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ 9 مئی کو ہونے والے واقعات دوبارہ نہیں ہونے دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ فوج، سرکاری املاک پر حملہ کرنے والے شرپسندوں کو کسی صورت بخشا نہیں جائے گا اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا جب کہ حکومت نے کیس فوجی عدالتوں میں بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے۔
نگرا ن وزیر اطلاعات نے کہا کہ 9 اور 10 مئی کے واقعات میں ملوث 2728 افراد کو اب تک گرفتار کیا جا چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ 20 افراد کے مقدمات فوجی عدالتوں میں چلائے جائیں گے ، مردان میں 5، لوئر دیر میں 2، بنوں میں 7 افراد گرفتار ہیں۔ احتجاج میں حصہ لینے والے سرکاری ملازمین کی چھان بین کی جا رہی ہے اور ان کے خلاف جلد کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ہر وزیر اور مشیر نے عوام کے ذہنوں کو آلودہ کرنے میں کردار ادا کیا ہے، ہم پرانے پاکستان کے تمام لوگوں کی عزت کرتے ہیں، ان لوگوں نے صوبے میں آگ لگائی ہے، ان کے ذہنی امتحان کی ضرورت ہے۔
نگراں وزیر اطلاعات نے کہا کہ تحریک انصاف کے تمام رہنما لوگوں کو اکسانے میں ملوث ہیں، ان کے تمام رہنماؤں کو مینٹل ہسپتال دکھایا جائے۔