اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)البرٹا کے معروف تفریحی مقام بینف سن شائن ولیج میں ہفتے کے روز اسکیٹنگ کے دوران ٹورنٹو سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون افسوسناک حادثے میں جاں بحق ہو گئیں۔ مرحومہ کو ایک نہایت مہربان اور شفیق شخصیت کے طور پر یاد کیا جا رہا ہے، جو اپنے پیچھے ایک بیٹا چھوڑ گئی ہیں۔
یہ واقعہ ہفتے کی دوپہر تقریباً دو بجے پیش آیا، جب وہاں موجود افراد نے عملے کو اطلاع دی کہ ایک خاتون بینف ایونیو اسکی ایریا سے پھسل کر گہری اور ڈھیلی برف میں جا گری ہیں۔ اطلاع ملتے ہی سن شائن ولیج کی پیٹرول ٹیم تین منٹ کے اندر موقع پر پہنچی، تاہم خاتون اس وقت تک بے ہوش ہو چکی تھیں اور موقع پر ہی ان کا انتقال ہو گیا۔
سن شائن ولیج کی ترجمان کینڈرا اسکر فیلڈ کے مطابق یہ حادثہ ڈیپ سنو اِمرژن کہلاتا ہے، جس میں کوئی شخص گہری اور نرم برف میں پھنس جاتا ہے اور خود کو باہر نہیں نکال پاتا۔ ایسی صورتحال میں سانس لینے میں شدید دشواری پیش آ سکتی ہے، جو جان لیوا ثابت ہو سکتی ہے۔
مرحومہ کی شناخت اہلِ خانہ نے 47 سالہ فراح مرچنٹ کے طور پر کی ہے، جو ٹورنٹو کی رہائشی تھیں۔ ان کے ایک قریبی عزیز فائز مرچنٹ نے سوشل میڈیا پر پیغام جاری کرتے ہوئے کہا کہ فراح ایک محبت کرنے والی اور ذمہ دار ماں تھیں۔
انہوں نے لکھا،
“وہ اپنے بیٹے لیئم کی بے حد پیار کرنے والی ماں، ایک شفیق بیٹی، بہن، خالہ، کزن اور دوست تھیں۔ ان کی روح نہایت مہربان تھی اور انہوں نے اپنی محبت، گرمجوشی اور ہمدردی سے بے شمار لوگوں کی زندگیوں کو چھوا۔”
کینڈرا اسکر فیلڈ کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے واقعات شاذ و نادر ہی پیش آتے ہیں، تاہم جب ایسا ہوتا ہے تو یہ عملے کے لیے نہایت تکلیف دہ ہوتا ہے۔ ان کے مطابق اس مشکل وقت میں ریزورٹ کی تمام تر ہمدردیاں مرحومہ کے اہلِ خانہ اور دوستوں کے ساتھ ہیں۔
یہ حادثہ ایک ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب سن شائن ولیج اپنی 100 سالہ تاریخ کے چوتھے سب سے زیادہ برف باری والے مہینے سے گزر رہا ہے، جس کے باعث برف کی گہرائی میں اضافہ ہوا ہے۔ انتظامیہ نے اسکیٹنگ کرنے والوں سے اپیل کی ہے کہ وہ حفاظتی ہدایات پر سختی سے عمل کریں اور خطرناک مقامات سے گریز کریں۔