اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)بجلی کے بلوں میں اضافے اور ٹیکسز کے نفاذ کے خلاف ملک بھر میں تاجر ہڑتال پر ہیں۔جماعت اسلامی اور تاجر تنظیموں کی اپیل پر کراچی سمیت ملک کے مختلف شہروں میں کاروباری مراکز بند ہیں۔ ہڑتال کی وجہ سے بعض علاقوں میں اسکول بھی بند ہیں۔ اسلام آباد میں احتجاج کے خدشے کے پیش نظر ریڈ زون کی سڑکیں کنٹینرز لگا کر بند کر دی گئی ہیں۔
آل پاکستان انجمن تاجران سندھ نے آج شٹر ڈاؤن ہڑتال کی مکمل حمایت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں کاروبار مکمل طور پر بند رہے گا۔ ٹیکسز اور بجلی کے بلوں میں اضافہ مسترد کریں۔ پشاور میں بھی تاجروں کی جانب سے مختلف مارکیٹیں بند کر دی گئی ہیں۔
راولپنڈی میں بجلی کے زیادہ بلوں اور ٹیکسز کے خلاف تاجروں کی ہڑتال ہے۔ بڑے تجارتی مراکز، شاپنگ مالز، مارکیٹیں، ہول سیل اور مارکیٹیں بھی بند ہیں، تاہم نانبائی، مٹھائی، کریانہ، میڈیکل اسٹور اور پیٹرول پمپ کھلے ہیں۔ بڑے تجارتی مراکز میں تمام بڑے گروسری اسٹورز مکمل طور پر بند ہیں۔ شہر میں تعلیمی ادارے اور ضلعی عدالتیں بھی کھلی ہیں۔ مختلف علاقوں میں پولیس کی بھاری نفری تعینات کر دی گئی ہے۔
ملتان، لاہور، کوئٹہ، گوجرانوالہ، فیصل آباد، گجرات، سرگودھا، بہاولپور، ساہیوال، ہرنائی، مالاکنڈ ڈویژن، اندرون سندھ اور ملک کے دیگر چھوٹے بڑے شہروں میں ہڑتال ہے۔
162