اردوورلڈکینیڈا( ویب نیوز)مونٹریال کے مسافروں کے لیے اس ہفتے کے آخر میں ایس ٹی ایم کی تمام ٹرانزٹ سروسز مکمل طور پر بحال رہیں گی، کیونکہ جمعے کی شب ایس ٹی ایم انتظامیہ اور چار ہزار پانچ سو سے زائد بس ڈرائیورز اور میٹرو آپریٹرز کی نمائندہ یونین کے درمیان ’’اصولی‘‘ معاہدہ طے پا گیا۔
اس معاہدے کا مطلب یہ ہے کہ ہفتہ اور اتوار کو سروس معمول کے مطابق جاری رہے گی اور پندرہ اور سولہ نومبر کو ہونے والی ممکنہ ہڑتال ٹل گئی ہے۔ یونین نے ایک بیان میں کہا کہ سات دن کی مسلسل بات چیت کے بعد بالآخر شام سات بجے کے قریب ایک عارضی سمجھوتہ طے پایا، جو ہڑتال سے بچنے میں مددگار ثابت ہوا۔ یونین کے صدر فریڈرک تھیریئن نے کہا کہ ہمارا مقصد بات چیت کے ذریعے معاہدہ کرنا تھا اور ہم اس میں کامیاب ہوئے ہیں، تاہم حتمی منظوری یونین کے ارکان ہی دیں گے، جنہیں جلد از جلد ووٹنگ کے لیے شامل کیا جائے گا۔
ایس ٹی ایم کی سی ای او میری کلود لیونارڈ نے کہا کہ یہ عارضی معاہدہ تمام فریقوں کی باہمی رعایتوں سے تشکیل پایا ہے اور سب سے اہم بات یہ ہے کہ اس سے ادارے کے مالیاتی ڈھانچے کا احترام بھی برقرار رہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے سے نہ صرف ممکنہ ہڑتال ٹلی ہے بلکہ عوام کو درپیش شدید مشکلات سے بھی بچا لیا گیا ہے، جیسا کہ مونٹریال کی نئی میئر سورایا مارٹینیز فیرادا نے خواہش ظاہر کی تھی۔ میئر نے سماجی رابطوں پر جاری ایک بیان میں مذاکرات کی کوششوں کو سراہا اور کہا کہ وہ خوش ہیں کہ معاملہ وقت پر طے پا گیا۔
La grève des chauffeurs est fini! Les Montréalais pourront se déplacer dans l’autobus et le métro normalement.
Je tiens à souligner le travail intensif de négociation réalisé par le syndicat des chauffeurs et la STM dans les dernières heures pour en venir à une entente. Comme je…
— Soraya Martinez Ferrada (@SorayaMartinezF) November 15, 2025
ایس ٹی ایم نے کہا کہ معاہدہ پہلے بورڈ آف ڈائریکٹرز سے منظور ہوگا اور اس وقت تک مزید تفصیلات جاری نہیں کی جائیں گی۔ دوسری جانب وہ یونین جس کے maintenance کارکن پچھلے دنوں سے ہڑتال پر تھے، ابھی بھی مذاکرات میں شامل ہے۔ یہ ہڑتال اکتیس اکتوبر کی شام شروع ہوئی تھی اور اٹھائیس نومبر تک جاری رہنی تھی، تاہم حکومت کی ممکنہ مداخلت کے پیش نظر اسے چند روز قبل معطل کر دیا گیا۔ maintenance یونین نے انتظامیہ کی جانب سے پیش کی گئی تین پیشکشیں، جن میں تنخواہوں میں بہتری اور لاگت کم کرنے کے اقدامات شامل تھے، مسترد کر دی تھیں۔ ایس ٹی ایم کا کہنا ہے کہ مذاکرات جاری ہیں اور وہ امید رکھتے ہیں کہ ایک باہمی حل نکل آئے گا۔
اسی دوران ایک چوتھی یونین نے بھی انیس نومبر کو ایک روزہ ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔ یہ یونین ایس ٹی ایم کے انتظامی، تکنیکی اور پروفیشنل اسٹاف کی نمائندگی کرتی ہے۔ ضروری خدمات کی فراہمی کے حوالے سے فریقین کے درمیان ایک معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کے تحت بتیس کے قریب ملازمین ڈیوٹی انجام دیں گے، چاہے وہ موقع پر ہوں یا دور سے۔