اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بڑے تجارتی شراکت داروں چین، کینیڈا اور میکسیکو پر نئے محصولات عائد کر دیے ہیں۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنی دھمکیوں پر عمل کرتے ہوئے چین، کینیڈا اور میکسیکو پر محصولات عائد کرنے کے ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کر دیے ہیں۔کینیڈین حکام کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ منگل سے امریکا کو برآمد ہونے والی اشیا پر 25 فیصد ٹیرف عائد کر دیا گیا ہے تاہم کینیڈا کے تیل پر ٹیکس کم کر کے 10 فیصد کر دیا گیا ہے۔اسی طرح میکسیکو سے برآمد ہونے والی اشیا پر 25 فیصد ٹیکس عائد کیا گیا ہے جب کہ چین سے امریکا بھیجی جانے والی اشیا پر 10 فیصد ٹیکس عائد کیا گیا ہے۔ وائٹ ہاؤس نے یہ بھی واضح کیا ہے کہ اگر کوئی ملک ٹیرف کے خلاف جوابی کارروائی کرتا ہے تو وہ کسی بھی جوابی کارروائی سے نمٹنے کے لیے تیار ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ کے اس اقدام نے غیر مستحکم تجارتی جنگ کی راہ ہموار کر دی ہے۔