اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) ترکی کے نومنتخب صدر طیب اردگان نے مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ٹیلی فون پر بات چیت میں ایک دہائی سے معطل سفارتی تعلقات بحال کرنے پر اتفاق کیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق طیب اردگان کے صدر منتخب ہونے کے بعد مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے ترک صدر کو ٹیلی فون کر کے مبارکباد دی جس پر ترک صدر نے اپنے ہم منصب کا شکریہ ادا کیا۔
دونوں رہنماؤں نے باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور ایک دہائی سے منقطع سفارتی تعلقات کی فوری بحالی اور سفیروں کی تعیناتی پر اتفاق کیا۔واضح رہے کہ مصر اور ترکی کے درمیان سفارتی تعلقات 2013 میں منقطع ہو گئے تھے، دونوں ممالک نے ایک دوسرے کے سفیروں کو ملک بدر کر دیا تھا جس کے بعد سے سفارتی تعلقات منقطع ہو گئے تھے۔
تاہم گزشتہ چند ماہ سے دونوں ممالک کے درمیان بیک ڈور مذاکرات جاری ہیں اور گزشتہ ماہ مصری وزیر خارجہ سامی شکری نے ترکی کا دورہ کیا اور اپنے ترک ہم منصب سے ملاقات کی۔اس ملاقات میں سفارتی تعلقات کی بحالی کے ٹائم فریم پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اور دونوں ممالک کے صدور کے درمیان ملاقات کے لیے حکمت عملی بنائی گئی۔