منی سوٹا میں ہنگامہ، ٹرمپ اور ریاستی قیادت آمنے سامنے

اردو ورلڈ کینیڈا( ویب نیو ز ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ریاست منی سوٹا کے گورنر ٹِم والز اور منی ایپولس کے میئر پر عوام کو بغاوت پر اکسانے کے سنگین الزامات عائد کر دیے ہیں۔

صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ منی ایپولس میں ایک شہری کی ہلاکت کے بعد مقامی قیادت کا ردعمل غیر ذمہ دارانہ اور خطرناک ہے، جو حالات کو مزید کشیدہ بنا رہا ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے بیان میں کہا کہ میئر اور گورنر کی بیان بازی پرامن احتجاج کو بغاوت میں تبدیل کر رہی ہے، جس سے نہ صرف منی سوٹا بلکہ پورے ملک میں امن و امان کو شدید خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کمزور کرنا تشدد اور انتشار کو دعوت دینے کے مترادف ہے۔دوسری جانب منی سوٹا کے گورنر ٹِم والز نے وفاقی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس واقعے کی غیر جانبدار تحقیقات کی قیادت کرنے کے قابل نہیں۔ گورنر کا کہنا تھا کہ تشدد کا جواب مزید تشدد نہیں ہو سکتا اور مسائل کا حل طاقت کے استعمال میں نہیں بلکہ انصاف اور شفافیت میں ہے۔
گورنر ٹِم والز نے صدر ٹرمپ سے مطالبہ کیا کہ ریاست منی سوٹا سے وفاقی فورسز کو فوری طور پر واپس بلایا جائے۔ انہوں نے امیگریشن اینڈ کسٹم انفورسمنٹ (ICE) کے اقدامات کو بے رحم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات عوامی غصے کو مزید بھڑکا رہے ہیں۔گورنر نے دعویٰ کیا کہ انہوں نے صدر ٹرمپ کے چیف آف اسٹاف سے دو مرتبہ بات کی ہے، تاہم انہیں وفاقی حکومت کے فیصلوں اور پالیسیوں پر زیادہ اعتماد نہیں۔ ان کے مطابق ریاستی حکومت حالات کو قابو میں رکھنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور وفاقی مداخلت کشیدگی میں اضافے کا باعث بن رہی ہے۔
واضح رہے کہ منی ایپولس میں امیگریشن ایجنٹ کی فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوا، جس کے بعد شہر بھر میں شدید احتجاج شروع ہو گیا۔ مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے، جبکہ پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں بھی ہوئیں۔ امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول کرنے کے لیے سکیورٹی فورسز نے آنسو گیس کا استعمال کیا۔یاد رہے کہ اس سے قبل 7 جنوری کو بھی منی ایپولس میں امیگریشن ایجنٹ کی فائرنگ سے 37 سالہ خاتون رینی گڈ ہلاک ہو گئی تھیں، جس کے بعد ریاست میں کشیدگی میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا تھا۔ حالیہ واقعے نے ایک بار پھر امیگریشن پالیسیوں، پولیس تشدد اور وفاقی و ریاستی حکومت کے درمیان اختیارات کے تنازعے کو نمایاں کر دیا ہے۔

اگر آپ بھی ہمارے لیے اردو بلاگ لکھنا چاہتے ہیں تو  800 سے 1,200 الفاظ پر مشتمل تحریر اپنی تصویر، مکمل نام، فون نمبر، فیس بک اور ٹوئٹر آئی ڈیز اور اپنا مختصر  تعارف کے ساتھ URDUWORLDCANADA@GMAIL.COM پر ای میل کردیجیے۔

امیگریشن سے متعلق سوالات کے لیے ہم سے رابطہ کریں۔

کینیڈا کا امیگریشن ویزا، ورک پرمٹ، وزیٹر ویزا، بزنس، امیگریشن، سٹوڈنٹ ویزا، صوبائی نامزدگی  .پروگرام،  زوجیت ویزا  وغیرہ

نوٹ:
ہم امیگریشن کنسلٹنٹ نہیں ہیں اور نہ ہی ایجنٹ، ہم آپ کو RCIC امیگریشن کنسلٹنٹس اور امیگریشن وکلاء کی طرف سے فراہم کردہ معلومات فراہم کریں گے۔

ہمیں Urduworldcanada@gmail.com پر میل بھیجیں۔

    📰 اقوامِ متحدہ سے تازہ ترین اردو خبریں