اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز ) پاکستانی کرکٹ شائقین کےلیےبڑی خوشخبری ، اگلے سال فروری میں پاکستان میں ہونے والی سہ ملکی ایک روزہ بین الاقوامی سیریز کے فائنل سمیت دو میچز کراچی منتقل کر د ئیے گئے ہیں۔
پاکستان، نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان وارم اپ میچوں کا سلسلہ چیمپئنز ٹرافی سے قبل 8 سے 14 فروری تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں ہونا تھا۔انتہائی باخبر ذرائع کے مطابق پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان سیریز کا تیسرا میچ 12 فروری کو کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ فائنل 14 فروری کو کراچی کو سونپا گیا ہے۔شیڈول کے مطابق سیریز کا پہلا میچ 8 فروری کو پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا اور دوسرا میچ 10 فروری کو نیوزی لینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان کے زیر اہتمام چیمپئنز ٹرافی کے مجوزہ شیڈول میں افتتاحی تقریب اور پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 19 فروری کو کراچی میں ہونے والا افتتاحی میچ شامل ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی سی سی سے سیریز کے فائنل سمیت دو میچوں کو کراچی منتقل کرنے کی منظوری حاصل کر لی گئی ہے جبکہ فریقین کو بھی اس سلسلے میں اعتماد میں لیا گیا ہے۔واضح رہے کہ جمعرات کو نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کے ایک وفد نے کراچی کے نیشنل بینک اسٹیڈیم کا دورہ کیا۔