اردوورلڈ کینیڈا( ویب نیوز)لوئر وانا کے مصروف بازار میں واقع ٹیکسی اسٹینڈ کے قریب ہونے والے زوردار دھماکے کے نتیجے میں دو افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ چودہ دیگر افراد زخمی ہو گئے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق یہ دھماکا شکئی سٹینڈ کے قریب اس وقت ہوا جب پولیس کی ایک وین وہاں موجود تھی۔ ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ دھماکا ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے کیا گیا۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق زخمیوں میں دو پولیس اہلکار بھی شامل ہیں، جب کہ کئی شہریوں کے بھی زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر وانا ہیڈکوارٹر اسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں ابتدائی طبی امداد دی جا رہی ہے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر طاہر شاہ کا کہنا ہے کہ دھماکے کے فوراً بعد علاقے کو گھیرے میں لے لیا گیا، سیکیورٹی فورسز کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے اور شواہد جمع کیے جا رہے ہیں تاکہ تحقیقات کو جلد مکمل کیا جا سکے۔