اردوورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)سابق وزیراعظم محمد نواز شریف کی وطن واپسی کی ممکنہ تاریخ سامنے آگئی ہے۔پاکستان مسلم لیگ ن کے ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف 20 ستمبر کو وطن واپسی پر غور کر رہے ہیں۔
پلان اے کے مطابق نواز شریف کی وطن واپسی اسلام آباد ایئرپورٹ پر ہو گی جب کہ پلان بی کے تحت نواز شریف کی لاہور ایئرپورٹ پر آمد بھی ہو سکتی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وطن واپسی سے قبل نواز شریف کا حفاظتی بانڈ اسلام آباد ہائی کورٹ سے لیا جائے گا۔ نواز شریف وطن واپسی سے قبل یکم ستمبر کو اہم پریس کانفرنس بھی کر سکتے ہیں۔
اس سے پہلے مسلم لیگ ن کے رہنمائوں کی طرف سے یہ کہا گیا تھا کہ نواز شریف ستمبر میں پاکستان آئیں گے جبکہ خواجہ آصف کے بیان کے مطابق جب بالکل زیرو رسک ہوگیا توہمارے قائد پاکستان آئیں گے جبکہ رانا ثناء اللہ نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب ہمیں گارنٹی مل چکی ہے اورنواز شریف بہت جلد پاکستان میں ہوں گے سابق وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ وطن واپسی پر ان کا تاریخی استقبال کیا جائے گا۔