اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ 2 جوانوں نے فرض کی ادائیگی میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق سکیورٹی فورسز نے جنوبی وزیرستان کے علاقے زرملان میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا۔
فائرنگ کے تبادلے میں 8 دہشت گرد مارے گئے، ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ملک کی خاطر 2 جوان شہید ہوگئے، شہید ہونے والوں میں لانس نائیک شعیب علی اور سپاہی رفیع اللہ شہید بھی شامل ہیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق شہید سپاہی رفیع اللہ کا تعلق لکی مروت سے ہے جب کہ شہید لانس نائیک شعیب علی کا تعلق پارا چنار سے ہے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔