اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز )شمالی وزیرستان میں دہشتگردوںکے ساتھ مقابلے میں پاک فوج کے 2 جوان شہید ہوگئے جب کہ جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد بھی مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے سپن وام میں آپریشن کیا جس کے دوران فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق دہشت گردوں کی فائرنگ سے سپاہی عمران اللہ اور سپاہی افضل خان شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کا موثر انداز میں سراغ لگایا، جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد ہوا جب کہ دہشت گرد سیکیورٹی فورسز اور معصوم شہریوں کے قتل میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاک فوج دہشت گردی کی لعنت کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے، بہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مضبوط کرتی ہیں۔