اردو ورلڈ کینیڈا ( ویب نیوز)بلوچستان کے علاقے مچھ میں سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے سرگرم گروپ کے خلاف آپریشن کیا، فائرنگ کے تبادلے میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر سبی کے مغربی علاقے مچھ میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کیا گیا، یہ دہشت گرد سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنا رہے تھے اورکان کے مالکان کو ہراساں کرکے رقم بٹورنے میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 3 دہشت گردوں کے گروپ کو ان کے خفیہ ٹھکانے جاتے ہوئے روکا گیا اور انہوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ کردی۔ دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ مصدقہ اطلاعات کی بنیاد پر دہشت گردوں کے زیر قبضہ علاقوں میں گزشتہ دو روز سے کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور یہ آپریشن ان کے مکمل خاتمے تک جاری رہے گا۔